کیوبا،10اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا): کیوبا میں تعینات چند امریکی سفارتی اہلکاروں کو ’نامعلوم طبی علامات‘ کا سامنا ہے، جس کے بعد امریکا نے اپنے ہاں تعینات کیوبا کے دو سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کا کہا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے ’طبی علامات‘ کی تفصیلات بتائے بغیر کہا گیا ہے کہ اس طرز کا واقعہ سب سے پہلے گزشتہ برس سامنے آیا تھا۔ بیان کے مطابق کیوبا میں تعینات چند امریکی سفارتی اہلکاروں نے‘کچھ واقعات‘ جن کا تعلق جسمانی صحت سے تھا، کے بارے میں بتایا تھا، جس کے بعد متعدد اہلکاروں کو امریکا واپس لایا گیا۔ کیوبا کی حکومت نے بھی ان رپورٹوں کی تصدیق کی ہے۔ ہوانا حکومت کے مطابق امریکا کی جانب سے دو سفارتی اہلکاروں کی ملک بدری پر احتجاج کیا گیا ہے۔